آن لائن پاک بھارت جوہری جنگ؛ کی بورڈ، لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی کی فروخت میں اضافہ

آن لائن پاک بھارت جوہری جنگ؛ کی بورڈ، لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی  کی فروخت میں اضافہ
خبرستان ٹائمز پر یہ خبر انگریزی میں پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔
اسلام آباد/نیو دہلی: سوشل میڈیا پر پاک بھارت جوہری جھڑپیں جاری ہیں، ایک بڑے آن لائن جوہری تصادم کے پیش نظر آن لائن پاکستانی مجاہدین اور بھارتیہ سائبر سینا نے سازوسامان کی خریداری میں اضافہ کر دیا ہے۔ خبرستان ٹائمز ذرائع کے مطابق دونوں جانب محب وطن مجاہد اور دیش بھگت صف آراء ہو چکے ہیں اور اپنے اپنے گم نام سوشل میڈیا اکاونٹ بنا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں جانب بڑے پیمانے پر نیچا دکھانے والی ٹویٹس، ہیش ٹیگز اور میمز کے ذخائر جمع کر لیے گئے ہیں۔

حفیظ سنٹر کے ایک کاروباری تجزیہ کار نے خبرستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا، "بیلسٹک کی بورڈز، جوہری ماؤس اور کم، درمیانے اور طویل فاصلے سے نظر آنے والی ایل سی ڈیز کی فروخت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ "

آن لائن جوہری جنگ کے لیے تیار کیے گئے خصوصی ماؤس

آن لائن جوہری جنگ کے لیے تیار کیے گئے خصوصی ماؤس

گزشتہ ایک ماہ کے دوران سائبر مجاہدین اور آن لائن دیش بھگتوں کی بھاری ٹریف کے باعث وکی پیڈیا ویب سائٹ کے متعدد بار کریش کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ہندی اور اردو لغات المغلظات کے ہاتھوں ہاتھ بکنے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم بعض تجزیہ کاروں کمپیوٹر اور موبائل اسیسریز کی فروخت میں اس اضافے کو نیولبرل فوجی صنعتی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق دائش بھگتی اور آن لائن حب الوطنی میں اضافہ نیولبرل جنگی صنعت کی افزائش کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ایپل، سام سنگ، ڈیل، لینوو، ایسر، سونی اور دیگر کمپنیاں اس وقت سائبر اسلحہ فراہم کرنے کی اس دوڑ میں آگے ہیں۔

سائبر جہادی مشق کرتے ہوئے

سائبر جہادی مشق کرتے ہوئے

ولیم ڈی ہارٹنگ، ڈائریکٹر آرمز اینڈ سیکیورٹی پراجیکٹ ولیم ڈی ہارٹنگ نے اپنی کتاب سام سنگ اینڈ دلائی لامہ کی تقریب رونمائی سے قبل بات کرتے ہوئے کیا "سام سنگ-ایپل چپقلش کے ہتھیاروں کی جنوب ایشیائی جوہری دوڑ پر فیصلہ کن اثرات ہوں گے۔"

فیس بک پر پندرہ ارب پاکستانی فالورز کے حامل زید حامد کے مطابق پاکستان کہوٹہ میں نئی فورتھ جنریشن جوہری سِمیں تیار کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے جو پوکھران میں ہندوستان کی جانب سے کیے گئے تجربات کا جواب دینے کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔ ہالینڈ سے نئی فورتھ جنریشن جوہری سِم ٹیکنالوجی کے بلیوپرنٹس لے کر پاکستان لوٹنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے خبرستان ٹائمز قارئین کو چاغی پر چھ سگنل ٹاور نصب کرنے کی نوید سنائی۔

سائبر مقابلوں کے لیے پاکستان میں تیار کیا گیا خصوصی اسلحہ

سائبر مقابلوں کے لیے پاکستان میں تیار کیا گیا خصوصی اسلحہ

عالمی ذرائع ابلاغ میں چھپنے والی خبروں کے مطابق پاک بھارت افوج نے فیس بک کے میدان کارزار میں گروپ کھود کر مورچے تعمیر کر لیے ہیں۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شدید ٹرولنگ اور ہیش ٹیگنگ کی جا رہی ہے۔ سرجری کے ماہرین کے مطابق ان جھڑپوں کے نتیجے میں مصنوعی انگلیوں کی پیوند کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ ایک فرضی تحریر ہے۔ اسے محض تفنن طبع کی خاطر شائع کیا گیا ہے، کسی بھی فرد، ادارے یا طبقے کی توہین، دل آزاری یا اس سے متعلق غلط فہمیاں پھیلانا مقصود نہیں۔

Related Articles

'فوج کے ہاتھوں پٹنے والے قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں' آئی ایس پی آر کا انکشاف

خبرستان ٹائمز: میجر جنرل عاصم باجوہ نے پارلیمان سے موٹروے پولیس پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کرنےاور تمام فوجی ڈرائیوروں، سابق فوجیوں، فوجی افسران کی بیگمات، ہمسایوں اور خانساماوں کے لیے چالان فری ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

لاہور؛ سیمنٹ نوشوں کی تعداد میں اضافہ، مزید فلائی اوورز کی تعمیر کا مطالبہ

خبرستان ٹائمز: دریائے لکشمی شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے نتیجے میں رونما ہونے والا ایک اور تعمیراتی معجزہ ہے۔

پنجاب میں پیپلز پارٹی کی بحالی، بلاول بھنگڑا سیکھیں گے

خبرستان ٹائمز: بلاول نے خبرستان ٹائمز کو پنجاب کے جلسوں کے لیے خریدے گئے ڈیزائنر لاچے اور رومال بھی دکھائے اور آف دی ریکارڈ بھنگڑے کی چند قدیم شکلیں پرفارم کر کے بھی دکھائیں۔