ریو اولمپکس میں پاکستان کی شرمناک نمائندگی

ریو اولمپکس میں پاکستان کی شرمناک نمائندگی
ٓآپ نے بحر اوقیانوس میں سات سو چھوٹے چھوٹے جزائر پر مشتمل ملک بہاماس کا نام سن رکھا ہو گا، اگر نہیں سنا تو اچنبھے کی بات نہیں، کیونکہ ایسے کئی چھوٹے ملک عموماًغیرمعروف ہی رہتے ہیں سوائے اس کے کہ وہاں سیاحتی مقامات ہیں۔ اس ملک کی آبادی تقریباً ساڑھے تین لاکھ ہے، اور زمینی رقبہ یہی کوئی پانچ ہزار مربع میل۔ لیکن نہ جانے کیسے ایک چھوٹا سا ملک ریو اولمپکس میں بتیس ایتھلیٹس بھیجنے میں کامیاب ہوا، چوبیس کھلاڑیوں نے تو باقاعدہ اولمپکس مقابلوں کے لئے کوالیفائی کیا، یہی نہیں بلکہ بہامس کا میڈیا پُرا مید ہے کہ ان کے ایتھلیٹس کم از کم چار میڈلز تو ضرور جیت کر آئیں گے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ہزاروں میل دور بحر اوقیانوس میں واقع فجی کی آبادی لگ بھگ نو لاکھ ہے، لیکن یہاں بھی اکاون ایسے جوان تھے جو اولمپک مقابلوں میں فجی کا جھنڈا اٹھانے کے لئے مکمل طور پر اہل قرار پائے۔ پانامہ کے نام سے پاکستان میں اب کون واقف نہیں، یہ شمالی اور جنوبی امریکہ کے وسط میں واقع ایک چھوٹاسا ملک ہے جو آف شور کمپنیوں کے حوالے سے جنت تصور کیا جاتا ہے، آبادی یہی کوئی چالیس لاکھ کے قریب لیکن یہاں سے بھی دس جوان ایسے ہیں جو ریو اولمپکس میں اپنی مہارت اور تندرستی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیں گے۔

لیکن غضب خدا کا کہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت بلکہ عالم اسلام کا قلعہ مملکت خدادا اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بیس کروڑ آبادی سے ہمیں صرف سات جوان ملے جو ریو اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی نمائندگی کریں گے۔
دو ہزار چودہ میں ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل نے افریقی ملک یوگنڈا کے سرکاری شعبوں کو دنیا کا بدعنوان ترین قرار دیا تھا، یعنی آپ یوں سمجھیں کہ پاکستان کرپشن کے اعتبار سے یوگنڈا سے بہت پیچھے ہے۔ اس قدر کرپشن کے باوجود یوگنڈا میں اکیس ایسے ایتھلیٹ ضرور تھے جو بنا کسی فاول پلے اور کرپشن کے ریو اولمپکس میں شریک ہونے کے حقدار ٹھہرے۔ برمودا کا نام تو برمودا مثلث کی وجہ سے یقیناً آپ نے سن رکھا ہو گا۔ یہ برطانوی جھنڈے تلے بسنے والا ایک ایسا ملک ہے جس کی آبادی تقریبا پچھتر ہزار نفوس پر مشتمل ہے ارو رقبہ یہی کوئی بیس مربع میل، لیکن ان پچھتر ہزار افراد میں سے بھی آٹھ جوان ایسے تھے جو ریو اولمپکس میں ملک کا جھنڈا اٹھانے کو تیار ہیں۔

لیکن غضب خدا کا کہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت بلکہ عالم اسلام کا قلعہ مملکت خدادا اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بیس کروڑ آبادی سے ہمیں صرف سات جوان ملے جو ریو اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی نمائندگی کریں گے۔ یہ جوان بھی وائلڈ کارڈ انٹری اور براعظمی کوٹے پر منتخب ہوئے ہیں۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں دو سو پانچ ممالک کے گیارہ ہزار سے زائد ایتھلیٹ بیالیس کھیلوں میں حصہ لیں گے اور پاکستان میں کھیلوں کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے جب گرین شرٹس کا سب سے مختصر دستہ اولمپکس میں شریک ہو گا۔ سات رکنی دستہ چار مقابلوں میں حصہ لے گا، ایتھلیٹکس میں محبوب علی اور نجمہ پروین، شوٹنگ میں غلام مصطفی اور مناہل سہیل، سوئمنگ میں لیانا سوان اور حارث بانڈے جبکہ جوڈو میں شاہ حسین میدان میں اتریں گے۔ لیانا سوان، حارث بانڈے اور شاہ حسین کی تربیت لاہور یا کراچی میں نہیں ہوئی، یہ پہلے ہی سے بیرون ملک مقیم تھے۔

ہاکی ٹیم ہمیشہ اولمپکس میں پاکستان کی پرچم بردار سمجھی جاتی رہی ہے ۔ لیکن اس بار گرین اسٹکس بھی اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں۔
ہاکی ٹیم ہمیشہ اولمپکس میں پاکستان کی پرچم بردار سمجھی جاتی رہی ہے۔ لیکن اس بار گرین اسٹکس بھی اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں۔ تین بار کی اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہاکی ٹیم اس سے پہلے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی بھی اہل قرار نہیں پائی تھی۔

انیس سو ساٹھ میں روم اولمپکس میں پاکستان نے پہلی اور آخری بار دو میڈل ایک ساتھ جیتے تھے۔ نصیر بندہ کے بھارت کے خلاف فائنل میں تاریخی گول پر اوّلین ہاکی طلائی تمغے کے علاوہ ریسلر محمد بشیر نے بھی کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اسی زمانے میں فلائنگ بڑد کے نام سے شہرت پانے والے پاکستانی ایتھلیٹ عبدالخالق ناصرف ایشیا کے تیز ترین انسان بنے بلکہ وہ اولمپک سو میٹر میڈل کے بھی قریب پہنچ گئے تھے۔ عبدالخالق کو فلائنگ بڑد آف ایشیا کا خطاب بھارتی آنجہانی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے دیا تھا۔ لیکن اب یہ سب قصہ پارینہ ہو چکا ہے۔ رواں سال کوئی پاکستانی باکسر اور ریسلر اولمپکس میں جگہ نہیں بنا سکا۔ انیس سو چورانوے ملکی تاریخ کا وہ واحد سال تھا جب پاکستان بیک وقت چار کھیلوں کرکٹ، ہاکی، سکواش اور سنوکر میں ورلڈ چیمپئن تھا، لیکن اب یہ سب خواب معلوم ہوتا ہے۔ اڑسٹھ برسوں میں پاکستان اولمپک مقابلوں میں محض دس میڈل جیت سکا ہے، ان میں سےبھی آٹھ فیلڈ ہاکی میں جیتے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کھلاڑی تو صرف سات ہیں لیکن پاکستانی دستہ سترہ رکنی ہے، اضافی دس افراد میں دو عہدیدار تو اولمپک ایسوسی ایشن سے ہیں جو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی دعوت پر برازیل جائیں گے لیکن باقی آٹھ افراد کس کھاتے میں برازیل پہنچیں گے اس کا جواب معلوم نہیں۔

قومی کھیل ہاکی سمیت پاکستان میں تمام کھیل زوال پذیر ہیں، ملک میں کھیل کے میدانوں میں ویرانی سپورٹس بورڈ کا منہ چڑاتی نظر آتی ہے
قومی کھیل ہاکی سمیت پاکستان میں تمام کھیل زوال پذیر ہیں، ملک میں کھیل کے میدانوں میں ویرانی سپورٹس بورڈ کا منہ چڑاتی نظر آتی ہے، کھیلوں کی فیڈریشن سے پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں کھیلوں کا بجٹ بنگلہ دیش اور سری لنکا سے بھی کم ہے لہذا ایسے میں اولمپکس میڈل کی توقع نہ رکھی جائے۔ متوازی فیڈریشنز اور سیاسی طور پر من پسند افراد کے ہاتھوں یرغمال سپورٹس بورڈ سے بھی ایسے ہی جواب سننے کو ملتے ہیں۔ کیونکہ ان نام نہاد ڈائریکٹرز کی اولین ترجیح بیرون ملک ہونے والے ایونٹس میں اہل خانہ سمیت سیر سپاٹے کرنا ہی ہوتی ہے، بھاڑ میں گئے ایتھلیٹس اور ان کی کارکردگی۔ سال میں ایک آدھی چیمپئن شپ کروائی، کھاتوں کے پیٹ بھرے، فائلوں پر دستخط کیے ور سب ختم۔ کھیلوں کے مقابلوں کے نام پر من پسند افراد کو نواز کر خبریں شائع کروانا ان منتظمین کی واحد صلاحیت ہے جو انہیں بدستور ایسے عہدوں پر فائز رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

حکومتوں کے ہاں کھیل کس قدر اہم ہیں یہ تو ڈھکی چھپی بات نہیں رہی کیونکہ وفاقی بجٹ دو ہزار سولہ میں کھیل سرکار کی ترجیحات میں شمار نہ ہوئے، محض تریسٹھ کروڑ روپے کی ریوڑی سپورٹس بورڈز کے عہدیدران کا من بہلانے کی خاطر اچھال دی گئی، اب جس پھنےخان کی جتنی ہمت ہو گی وہ اتنے روپے لے اڑے گا۔ لیکن اس کے باوجود بے تکی تاویلیں گھڑنے والے ان سپورٹس عہدیداروں کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے کیونکہ فجی جیسے ملک نے اکاون ایتھلیٹ محض سنتالیس کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ سے تیار کیے ہیں۔

سر پیٹنے کے علاوہ فرصت ملے تو غور اس بات پر کیا جانا چاہیے کہ پندرہ برسوں سے ایک ریٹائرڈ جنرل نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے لئے کیا کارہائے نمایاں سر انجام دئیے؟ مزید یہ کہ بارہ سال پہلے ملک میں ایک سپورٹس پالیسی بنی تھی، اس کا کیا ہوا؟ کیونکہ اولمپک چارٹر کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق تا حال نہیں ہوسکا۔

Ajmal Jami

Ajmal Jami

Ajmal Jami is a journalist currently working with Dunya News as an anchorperson and special correspondent. His M. Phil thesis on Mumbai Attacks and Role of Media in Peace Process has been published as a book. He writes regularly on national politics and social issues for Laaltain and Dunya Blog.


Related Articles

میڈیا برائے فروخت

چینلز کی بہتات سے عوامی رہنمائی اور شعور و آگہی میں اضافہ کی جو امید تھی اس کے برعکس آج چینلز نے ہمارے ذہنوں کو منقسم اور منتشرکررکھاہے۔

روایتی مسلم ذہن میں مسئلۂ الحاد کی غلط تفہیم

کہیں ایسا تو نہیں کہ اس مشکل پر قابو پانے کا کوئی دوسرا نفیس طریقہ نہ ہونے کے باعث یہ مخصوص روایتی مذہبی شعور اب اپنی داخلی سماعت کے پردوں سے خدا کی یہ تحکمانہ آواز ٹکراتے سن رہا ہے کہ دوڑ میں آگے نکلنے والے حریف کو اڑنگا دے کر گرا دیا جائے؟

The Gloomy Future of Political Parties in Pakistan

I came up with the notion that to me the future of Pakistani youth is bright, and so is the future of Pakistani universities, bureaucracy and media. But the future of political parties of Pakistan seems dark and gloomy.